اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایف آئی اے کو اشتہاریوں کا سنٹرل ڈیٹا بینک تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے میگا کرپشن کے ملزمان کو ہر صورت سزا دلانے کیلئے کیس مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کر دی۔ وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلرز کیخلاف کارروائیوں کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
دریں اثناء وزیر داخلہ کو ایگزیکٹ اسکینڈل،اے کے ڈی، ون کانسٹیٹیوشن ایونیو اور پاکستان کرنسی ایکسچینج کیسز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اشتہاری ملزمان کا سنٹرل ڈیٹا بینک تیار کر کے ملک بھر میں ایف آئی اے کے تمام دفاتر، حساس اداروں اور پولیس کو فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاریوں کے پاسپورٹ منسوخ، شناختی کارڈ بلاک کر دیئے جائیں۔ ایگزیکٹ اسکینڈل کے حوالے سے وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جن 15 اداروں کے نام پر ڈگریاں جاری کی جاتی تھیں، وہ جعلی ہیں۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن کیسز کو شواہد سے اسقدر مضبوط بنایا جائے کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔