مصنوعات کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے، گورنر پنجاب

Governor Punjab

Governor Punjab

کراچی (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور بجلی و گیس کی کمی کے باوجود پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور 50 ہزار افراد دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں مگر لوگوں کے حوصلے اب بھی بلند ہیں۔

ایک ہوٹل میں بزنس کمیونٹی کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگوں کی حالات زار میں تبدیلی نہ آنے کی وجہ ہمارے وسائل میں لوٹ مار اور غیر منصفانہ تقسیم ہے، جی ایس پی اسٹیٹس ملنے سے ملک میں نہ صرف اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پاکستان تجارتی شعبے میں مسابقت کی دوڑ میں نمایاں ہو رہا ہے۔

انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیاکہ وہ پاکستان کو معاشی انقلاب میں سرخرو کرنے کے لیے اپنی مصنوعات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرے تاکہ جی ایس پی اسٹیٹس ملنے سے وطن عزیز صحیح معنوں میں ترقی کر سکے۔