واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین جنوری میں طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت امریکی مصنوعات خریدنے کے اپنے وعدوں کا احترام کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چین نے اپنے وعدے پورے نہ کیے اور معاہدے کا احترام نہ کیا تو بیجنگ کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑس سکتی ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے’فاکس نیوز بزنس’ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ چین اپنے وعدوں کا احترام کراگا” ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے پر طویل عرصے سے بات چیت کی جارہی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر دستخط کیے۔ میرے پاس اس معاہدے پرعمل درآمد پر یقین ٹھوس وجہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ چینی اس معاہدے کا احترام کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان دو سال سے جاری تجارتی رسا کشی رواں سال جنوری میں ایک معاہدے پر ختم ہوئی تھی۔ اس معاہدے میں چین نے آئندہ دو برسوں میں دو ارب ڈالر کی امریکی مصنوعات خرید کرنا ہیں۔ تاہم کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا نے اس معاہدے پرعمل درآمد بھی متاثر کیا ہے۔
اسٹیفن منوچن کا کہنا تھا کہ اگر چین ایسا نہیں کرتا تو پھر ہمارے تعلقات اور عالمی معیشت پر بہت سنگین اثرات پڑیں گے۔
امریکا اور چین کے درمیان تجارتی محاذ آرائی کے خاتمے کے ساتھ ہی دنیا کرونا وبا کی لپیٹ میں آگئی۔ کرونا کی وبا نے ایک بار پھرامریکا اور چین کو ایک دوسرے کے مد مقابل لا کھڑا کیا ہے۔ امریکا نے الزام عاید کیا ہے کہ کرونا وائرس چین میں تیار کیا گیا اور اس کے بارے میں چین نے دنیا کو درست معلومات فراہم نہیں کیں جس کے نتیجے میں آج پوری دنیا اس وبا کی لپیٹ میں ہے۔ جب کہ چین امریکا کے الزامات کو مسلسل مسترد کرتا چلا آیا ہے۔