کراچی (جیوڈیسک) رمضان کی آمد سے قبل ہی منافع خور میدان میں آ گئے۔ روپیہ مستحکم ہونے سے درآمدی دالوں کی ہول سیل سطح پر تو قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن ریٹیل سطح پر دالوں کی فی کلو قیمت میں 10 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی منافع خور مافیا نے عوام کی جیبوں پر شب خون مارنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی اور روپیہ مستحکم ہونے کے باوجود مقامی ریٹیل مارکیٹوں میں دالوں کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔
رمضان سے قبل ہی منافع خوروں نے مصنوعی قلت کو جواز بناتے ہوئے مختلف دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مونگ کی دال 10 روپے اضافے سے 165 روپے کلو کر دی گئی۔ ماش کی دال 8 روپے اضافے سے 128 روپے کلو ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ مسور کی دال 5 روپے مہنگی ہو کر 105 روپے کلو جبکہ چنے کی دال 4 روپے اضافے سے 70 روپے کلو ہو گئی جس کے سبب عوام کیلیے دال روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔