لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سو دن کے پروگرام والے پانچ سال کی کارکردگی تو دکھائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جنرل ہسپتال لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سو دن کا پروگرام دینے والے پہلے پانچ سال کی کارکردگی تو دکھائیں، بلند و بانگ دعوے کرنیوالوں نے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی نے سو دن کا جو پروگرام دیا ہے ہم اس پر پہلے ہی عملدرآمد کر چکے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہ میں صحت کے حوالے سے کیا ہوتا رہا ہے یو این ڈی پی کی رپورٹ نے بتا دیا ہے، یواین ڈی پی کی رپورٹ دیکھ لیں اس میں بھی پنجاب سب سے زیادہ ترقی یافتہ ہے، میں ان لوگوں کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر کام کرتےہیں یہ پنجاب سندھ کا بھی ہے اور خیبرپختون خوا کا بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بار پھر سو دن کا دعوی کر رہے ہیں، جو خیبرپختون خوا میں بجلی پیدا کرنے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن ناکام رہے، عمران خان عوام کو سبز باغ دکھارہے ہیں، میں انہیں کہوں گا میرے ساتھ آئیں ہم انہیں سکھائیں گے کام کیسے کرنا ہے، یہ منزل بہت لمبی ہے دن رات محنت کرنی ہے، ہم انہیں کام کرنے کیلئے بھی سبق سکھائیں گے۔