اسلام آباد : الخدمت فائونڈیشن کے چائلڈ پروٹیکشن پروگرام کے تحت سٹریٹ چلڈرن کے لئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، سٹریٹ چلڈرن میں سکول یونیفارم ،اسٹیشنری ، سکول بیگ اور تحائف تقسیم کئے گئے ۔تقریب کی صدارت الخدمت فائو نڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کی اور مہمان خصوصی سٹریٹ چلڈرن کی ایمبیسڈر اور سینئر تجزیہ نگار ریحام خان تھی۔
جبکہ دیگر مہمانان میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میاں بابر حمید، پنجاب کے صدر رائو محمد ظفر،الخدمت لاہور کے سیکرٹری افتخار گل ،،غزالی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیدعامر جعفری، ڈاکٹر منیر احمد سمیت سٹریٹ چلڈرن ، اُن کے اساتذہ اوروالدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اِس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔سٹریٹ چلڈرن کی ایمبیسڈر ریحام خان نے اِس موقع پر کہا کہ اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ سٹریٹ چلڈرن ہیںجو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے سٹرکوں پروقت گزارنے پر مجبور ہیں۔
الخدمت فائونڈیشن نے سٹریٹ چلڈرن میں اِس کمی کو محسوس کرتے ہوئے انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور اُن کو زندگی میں رنگ بھرنے کاعہدکیا ہے جو خوش آئیند ہے۔ الخدمت فائونڈیشن اس وقت پنجاب اور خیبرپختوانخوا میں 6چائلڈ پروٹیکشن سینٹر چلا رہی ہے جن میں 250کے قریب بچوں کو رسمی و غیر رسمی تعلیم، صحت کی بنیادی سہولیات ، حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خورک کے ساتھ ساتھ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں فراہم کی جارہی ہیں۔
الخدمت فائونڈیشن اس سال پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 4مزید چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا قیام عمل میںلائے گی ۔ تقریب کے اختتام پر سٹریٹ چلڈرن اور اُن کے اساتذہ میں یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔