کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو حکم دیا ہے کہ جمڑائو کنال پروجیکٹ کی تفصیل 28 اپریل کو فراہم کی جائے ورنہ معاملہ نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔
سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں جمڑائو کنال پروجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی ۔ سیکرٹری آبپاشی سماعت میں موجود تھے ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ لوگ ایک ایک روپے کے لئے ترستے ہیں اربوں روپے کا ٹھیکہ اتنی جلدی کیسے دیا۔
سیکرٹری آبپاشی نےجواب دیا کہ سیلاب کا خطرہ تھا اس لئے جلد ٹھیکہ دیا گیا۔ عدالت نے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کو حکم دیا کہ 28 اپریل کو مکمل تفصیلات پیش کی جائیں ۔ مکمل ریکارڈ اور تفصیل فراہم نہ کی تو معاملہ نیب کے سپرد کر دیا جائے گا۔