نواب شاہ (جیوڈیسک) نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر غلام شبیر شیخ کو نواب شاہ کے قریب سے ڈرائیور سے اغوا کر لیا گیا ہے۔ غلام شبیر جمعہ کو ڈرائیور کے ساتھ براستہ نیشنل ہائی وے کراچی سے سکھر جا رہے تھے کہ تقریباً رات دس بجے نواب شاہ کے قریب دولت پور بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغوا کر لیا۔
پولیس کو دولت پور بائی پاس کے قریب سے ان کی گاڑی سوزوکی کلٹس ملی ہے۔ ڈی ایس پی ضلع نوابشاہ یار محمد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غلام شبیر کو اگوا کرلیا گیا ہے تاہم انہوں نے فوری طور پر کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔
یار محمد رند نے کہا کہ رات کے اوقات میں اس علاقے میں کارروائی بہت خطرناک ہے کیونکہ یہ علاقہ ڈاکوؤں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور اضافی نفری نہ ہونے کے سب ابھی وہ کاروائی سے قاصر ہیں۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ صبح ہوتے ہی وہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ علاقے کا سرچ آپریشن کریں گے اور مغوی کو بازیاب کرانے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ نیشنل ہائی وے پر قاضی احمد سے دولت پور تک کا راستہ رات کے اوقات میں سفر کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور یہاں اکثر اغوا کی وارداتیں رونما ہوتی رہتی ہیں اور مغویوں کو بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا جاتا ہے۔