اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشر یف نے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک میٹرو بس ٹریک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بیمار منصوبوں کو پاؤں پر کھڑا کیا، تنقید کرنے والوں کو اللہ ہدایت دے، باوقار ملک کیلئے منصوبے ضروری ہیں۔
سڑکیں اور ٹرانسپورٹ سسٹم ہو گا تو سرمایہ کاری آئے گی، ملک میں اتنے گھپلے ہیں، تحقیقات کرنے لگے توسارا وقت گزر جائے گا۔
ترقیاتی کام رک جائیں گے جو منصوبے 2 سال میں مکمل ہونے تھے، 20، 20 سال لگ گئے،منصوبوں میں کوالٹی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا، ہزارہ موٹروے 14 اگست کو مکمل ہو گی۔
دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی، بتایا گیا نیو ائیرپورٹ پر ساڑھے 4 ہزار مسافر ایک ہی وقت میں سفری سہولت حاصل کر سکیں گے، ائیروپرٹ پر 15 جدید ڈاکنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور ائیرٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے بھی جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔