ممتاز ہاکی کمنٹیٹر ایس ایم نقی کراچی میں انتقال کرگئے

SM, Naqi

SM, Naqi

کراچی (جیوڈیسک) ہاکی کے مایہ ناز کمنٹیٹر ایس ایم نقی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔ جس طرح کھیل کے میدان میں پاکستان کی کامیابیاں امررہیں گی،اسی طرح ان کی آوازبھی کبھی نہیں بھلائی جاسکتی۔

ہاکی سے لگاوٴ رکھنے والوں کے کان میں یہ آواز آج بھی گونجتی ہے۔ شیخ محمد نقی نے ان دنوں پاکستان ہاکی ٹیم کے ایکشن کو اپنے الفاظ سے سامعین تک پہنچایا جب کامیابیاں گرین شرٹس کی میراث تھیں۔

ایس ایم نقی نے 1964ء سے 2000ء تک مسلسل 9 اولمپکس میں بطور صحافی اور کمنٹیٹر شرکت کی۔ 1984ء کے اولمپک فائنل میں ٹی وی شائقین نے پاکستان ہاکی ٹیم کی جیت کی خوش خبری ایس ایم نقی کی زبان سے ہی سنی۔

2004ء میں ایس ایم نقی کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔ علالت کی وجہ سے ایس ایم نقی نے کمنٹری چھوڑ دی، کئی سال زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد ایس ایم نقی خالقِ حقیقی سے جاملے۔