ہم دیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر نیت اور ارادے پختہ ہوں تو کوئی چیز ناممکن نہیں۔عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایک نہایت مشکل وقت میں ملک کی باگ ڈورسنبھالی، پاکستان آج خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں بھی بہت سارے شعبوں میں پیچھے رہ گیا ہے، ملک کی 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے نامساعد حالات میں ہاتھ پاؤں نہ مارنا ایک سر اسر غلط فعل ہو گا، ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم موجودہ حالات کو ممکنہ حد تک ٹھیک کریں، اگر نیت ٹھیک ہو اور ارادے مضبوط ہوں تو کوئی چیز ناممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غریب کی حالتِ زار کی بہتری کی باتیں تو بہت ہوتی رہی ہیں لیکن سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت میں فرق ہے، ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کی باتیں محض ووٹ حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہونے کے لیے کی گئی ہیں، کینسر اسپتال اور نمل یونیورسٹی کے قیام کی مثالیں آپ سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی کا ہر تین ماہ میں ایک بار باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور انہیں مزیداہداف دیتے ہوئے ان سے کام کرایا جائیگا، 100 دنوں میں جو اہداف مقرر کیے گئے ہیں لائحہ عمل تشکیل دے کر ان کو یقینی بنایا جائے گا۔