بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنیوالے کو 10 فیصد دیا جائے گا، وزیراعظم

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنیوالے کو 10 فیصد دیا جائے گا جبکہ اس سے اکھٹی ہونے والی رقم احساس پروگرام میں شامل کی جائے گی۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام میں حصہ ڈالنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم نوجوانوں کو قرضے دے کر اوپر لائیں گے۔ غربت کم کرنے کے پروگرام میں ہر ایک منسٹری کا حصہ ہوگا۔ ہم غربت مٹاؤ مہم میں شفافیت لے کر آئیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری انصاف دینا اور خواتین سمیت تمام شہریوں کو حقوق دینا ہے۔ جانوروں اور انسانوں کے معاشرے میں احساس ہی فرق پیدا کرتا ہے۔ ہم کمزور اور نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ غربت کم کرنے کا پروگرام لا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ووٹ لے کر اقتدار میں آتے اور فائدے اٹھاتے ہیں۔ تیس سال سے اقتدار سے میں رہنے والے ایک ہسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے۔ ترقی موٹروے نہیں بلکہ غریب طبقے کے لئے احساس کا نام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو اوپر اٹھانے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ خیرات پاکستانی کرتے ہیں لیکن سب سے زیادہ کم ٹیکس اد اکرتے ہیں۔ ہم نے اپنے خرچے کم کرنا شروع کر دیے ہیں، ہم اسی قوم سے پیسے اکھٹے کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو 10 فیصد دیا جائے گا جبکہ بے نامی جائیداد سے اکھٹی ہونے والی رقم احساس پروگرام میں شامل کی جائے گی۔

وزیراعظم نے قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف روز کہتے ہیں کہ عمران خان اتنی سزا دینا جتنی برداشت کر سکو، میں ان سے کہتا ہوں کہ میں تو اپنی موت بھی برداشت کر سکتا ہوں۔