کراچی : نائب ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم سے محبت ہی ایمان کی تکمیل ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم سے محبت ہماری طاقت ہے، صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم سے محبت کا تقاضا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم کی سنتوں کے طریقوں پر عمل کیا جائے، نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم زندگی ہمارے لئے رول ماڈل اور ان کا اسوئہ ہمارے لئے رحمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد زون کے تحت منعقدہ جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم کی سیرت ہدایت کا سرچشمہ ہے جو رہتی دنیا تک لائق تقلید ہے، علم دین کا جاننا بہت ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر عمل ممکن نہیں، امت محمدی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم کا مشن بھی وہی ہونا چاہئے جو نبی صلی اللہ علیہ واآلہ وسلم کا تھا، ہمارے رہن سہن، رسم و رواج، نشست و برخاست میں بھی للہیت کی گواہی ہونی چاہئے۔
اللہ نے ہمیں امت وسط بنایا اور رسول ۖ نے حق کی جیسی گواہی دنیا کے سامنے دی آپ ۖ کے امت کی حیثیت سے ہم کو بھی ویسی ہی گواہی، کردار، بلند اخلاق اور بہترین سیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تب ہی ہم امت وسط ہونے کا حق ادا کر سکتے ہیں۔