حضرت علامہ محمد اقبال امت مسلمہ کے عظیم فلسفی شاعراور سچے عاشق رسول ۖتھے
Posted on November 9, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) حضرت علامہ محمد اقبال امت مسلمہ کے عظیم فلسفی شاعراور سچے عاشق رسول ۖتھے ہم ان کے افکار کی روشنی میں درپیش چیلنجوں سے بطریق احسن عہدہ برآ ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے اپنے ڈیرے پر کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوںنے مزید کہاکہ علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک نجات دہندہ دور اندیش لیڈر تھے جنہوں نے تصور پاکستان پیش کر کے ہمیں ہندوئوں اور ڈوگرہ سامراج کے مظالم سے نجات دلائی اور وہ صرف برصغیر یا جنوبی ایشیاء ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی امہ کے عظیم فلسفی وشاعر تھے اور وہ عالم اسلام کے عروج اور وحدت کو اجتہاد سے وابستہ کرتے ہیں۔
ارشد رفیق انصاری نے مسلمانوں کے عروج اور دور حاضر میں درپیش مسائل کے حل کیلئے قدیم فقہ کے تنقیدی مطالعہ کی بنیاد پر ایسے نئے حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو جدید تحقیق کے تقاضوں کے ہم آہنگ ہوںاور انہوں نے اپنے ایک مکتوب میں مغرب کی سرمایہ داری اور روسی سوشلزم دونوں کو افراط وتفریط کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا تھا کہ اعتدال کی راہ وہی ہے جو اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب قرآن مجید نے بتائی ہے۔
چوہدری اصغر علی نے کہا کہ حضرت علامہ محمد اقبال کے فہم اسلام کی بنیاد توحیداور اطاعت رسولۖ ہے وہ سچے وپکے عاشق رسولۖ تھے۔ ڈاکٹر اقبال کی شاعری قلب ونظر کی تطہیر کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتی ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیداری اور آزادی کی تڑپ پیدا کرنے کیلئے فکری راہنمائی کی۔ جزل سیکرٹری مسلم لیگ ن MYO قصور طارق سعید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرنے کیلئے ہر شعبہ زندگی کے نمائندہ افراد اپنا کردار ادا کریں۔ اگر ہم افکار اقبال سے راہنمائی حاصل کریں تو دنیا وآخرت میںسرخرو ہوسکتے ہیں۔