اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انتہا پسندی اور تشدد سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانی محبت اور اخوت کا عظیم نمونہ تھے یہی وجہ ہے کہ انہیں رحمت اللعالمین اور انسانیت کے لئے ہدایت ورہنمائی کا منبع کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کی وجوہات پر غور کیا جائے جن میں ایک بڑی وجہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے روگردانی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور احترام کے اظہار کا بنیادی تقاضا ہے کہ اتحاد، رواداری، بھائی چارے، ہم آہنگی، قربانی اور مصالحت سمیت سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تمام پہلوؤں پر عمل کیا جائے جبکہ تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرکے ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی عفریت سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔