جمعہ المبارک کو یوم تحفظ حرمین کے طور پر منایا جائے، مفتی محمد نعیم کی اپیل

 Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : تحریک دفاع حرمین شریفین کے سربراہ شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے اپیل کی ہے کہ جمعے کے دن کو یوم حرمین شریفین کے طور پر منایا جائے، حرمین شریفین کے خلاف عالمی سطح پر ہونے والی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں اپناحصہ ڈالیں کیونکہ یمن تنازع گروہی یا فرقہ وارانہ ہر گز نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان فیصلہ کرنے کا ہے اور مظلوموں کی داد رسی انسانیت کی اولین ذمہ داری ہے، مظلوموں کا اللہ بھی ساتھی ہے ،اورمظلوموں کے تعاون پر بہت سی احادیث شاہدہیں، حوثی قبیلے کو حرمین شرایفین پر قبضہ کے خواب دکھانے والوں کا عالم اسلام کو بائیکاٹ کرنا چاہیے ۔سعودی عرب کو یمن سے کسی قسم کی کوئی لالچ نہیں ،یمن کاجزیرہ عرب کا حصہ ہونے کے باعث وہاں کی صورتحال پرقابو پانے میںاپناکرداراداکرنا سعودیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

جمعرات کوجامعہ بنوریہ عالمیہ میںشہربھر سے آئے آئمہ وخطباء سے گفتگوکرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ اس وقت عالمی سطح پر مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں کبھی توہین رسالت کا ارتکاب کراکے گستاخوں کی پشت پناہی کی جاتی ہے تو کبھی انبیاء کرام کی توہین پر مبنی فلمیں بناکر عالم اسلام کے جذبات کو مجروح کیا جاتاہے، یمن میں بغاوت کی آگ بھڑکانابھی اسی سازش کی ایک کڑی ہے اور حوثی باغیوں کو یمن میں مضبوط کرکے اسلام دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یمن کا مسئلہ کسی گروہ یافرقے کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے جس میں مظلوم کا ساتھ دینا عالم اسلام کی ذمہ داری بنتی ہے، انہوںنے کہاکہ یمن جزیرہ عرب کا حصہ ہے تو پھر غیر عرب کا باغیوں کو سپورٹ کرنے کا کیاجوازہے؟

انہوں نے کہاکہ عوام الناس کودرست معلومات فراہم نہیں کی جارہیں بلکہ اسے فرقہ وارانہ رنگ دیکر عالم اسلام میں گروہی تقسیم کی کوشش کی جارہی ہیں ،امت مسلمہ کو گروہی اور فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس مسئلے کے حل پر توجہ دینی چاہیے، سعودی عرب کو یمن سے کوئی لالچ نہیں بلکہ اپنی سرحدوں کی حفاظت اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ اس جنگ میں کودا ہے،مفتی محمدنعیم اس موقع پر اپیل کی کہ ائمہ مساجد،علماء کرام اور مذہبی طبقہ جمعے کو یوم حرمین کے طور پر منائے،خطباء اپنے خطبات جمعہ میں یمن سعودیہ تنازع کی اصل صورت حال سے عوام کوآگاہ کرتے ہوئے فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کوناکام بنانے میں اپناکرداراداکریں،یہ وقت اتحادوبھائی چارے کے فروغ کاہے ،گروہی ،لسانی ،علاقائی ودینی فسادات کوہوادینے کانہیں،قوم میں تفریق کے بیج بونے والے ملک وقوم کے وفادارنہیں۔حرمیں شریفین کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں ہم مملکت سعودیہ کی ایک ایک اینٹ کی حفاظت کافریضہ سرانجام دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔