گجرات : تحفظ حرمین شریفین کیلئے امت مسلمہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے۔ سانحہ درگاہ شاہ نورانی اور دہشت گردی کے ایسے دیگر واقعات کی روک تھام کیلئے مخلصانہ کاوشیں مزید تیز کی جائیں۔ بھارتی جارحیت کے انسداد کیلئے قوم متحد اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔
سی پیک منصوبہ سے پاکستان اقتصادی ترقی کی نئی منازل طے کریگا۔ ان خیالات کا اظہار پیر مفتی محمد عثمان افضل قادری نے نیک آباد شریف میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیک آباد شریف میں لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے فوجی جوانوں اور دیگر شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
پیر مفتی محمد عثمان افضل قادری زیب سجادہ نیک آباد شریف نے مزید کہا کہ رب ذولجلال کے احکامات اسکے بندوں تک پہنچانے کیلئے خوب محنت کی ضررورت ہے۔ تحریک پاکستان میں سرگرم روحانی درگاہیں تحفظ پاکستان کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے ان کے مزارات پر دھماکے کرنے والے برے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ماہ مقدس ربیع الاول میں میلاد النبیۖ کے جلوسوں اور محافل کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ اولیاء اللہ کے مزارات پر سیکورٹی ہائی الرٹ کی جائے۔ اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمة اللہ علیہ کے عرس مبارک پر زائرین کیلئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔