تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت 21 خصوصی عدالتیں قائم، نوٹیفکیشن جاری

Court

Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھرمیں تحفظ پاکستان آرڈی ننس کے تحت 21 خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں۔ وزارت قانون وانصاف نے اس ضمن میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ اس کے تحت لاہور، کراچی، راولپنڈی ، کوہاٹ، سکھر، ایبٹ آباد، لاڑکانہ، تربت، خضدار، لورالائی ، سبی اور دیگر شہروں میں یہ عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ ان عدالتوں کیلئے 3 پبلک پراسیکیوٹر تعینات کئے جائیں گے۔ ملک نورخان کوڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل انسداددہشت گردی کورٹ ٹوراولپنڈی مقرر کیا گیا ہے، کوئٹہ میں دو خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔

دریں اثنا اسلام آباد سے محمدبلال کے مطابق وفاقی حکومت نے تحفظ پاکستان قانون کا اطلاق گلگت بلتستان میں بھی کر دیا، وزارت داخلہ نے پہلے ایس آراوکے ذریعے گلگت شہر میں ریجنل ہیڈکوارٹر قائم کیا ہے جبکہ دوسرے ایس آراوکے ذریعے ریجنل ہیڈکوارٹرکے سربراہ، پراسیکیوٹرجنرل اورپبلک پراسیکیوٹر کی تقرریاںکی گئی ہیں، گلگت بلتستان کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پولیس کو ریجنل ہیڈ کوارٹر کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، ڈپٹی سیکرٹری قانون اور پراسیکیوشن رحیم گل کو ریجنل پراسیکیوٹرجنرل اورانسداددہشتگردی عدالت گلگت بلتستان کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر میر محمد کو پبلک پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا۔