لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والے تحفظ نسواں بل پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کر کے انہیں ملاقات کے لئے بلا لیا ہے۔
ملاقات آج دوپہر کو ہو گی اور مولانا فضل الرحمان اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ تحفظ نسواں بل پر مولانا فضل الرحمان سے تجاویز بھی مانگی جائیں گی۔ مولانا فضل الرحمان نے تمام دینی جماعتوں کا اجتماع پندرہ مارچ کو طلب کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم کے علاوہ اور کسی سے بات نہیں کریں گے۔ واضح رہے اس سے قبل وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف بھی مولانا فضل الرحمان سے فون پر رابطہ کر کے خواتین ایکٹ بارے مشاورتی کمیٹی قائم کر چکے ہیں۔
گذشتہ روز مسلم لیگ قاف بھی اس معاملے میں میدان میں اتر آئی تھی اور دینی جماعتوں کو اعتماد میں نہ لینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔