مصطفی آباد/للیانی: ہم 14اگست کو بتائیں گے کہ ن لیگ نے کیسے دھاندلی کی، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہو گا، ہم وہاں سے تب تک دھرنا ختم نہیں کریں گے جب تک اپنے مطالبات نہ منوا لیں، ہمارے تمام مطالبات جمہوری اور آئین کے مطابق ہیں کوئی مطالبہ آئین کے باہر نہیں۔ ہمارا مطالبہ مڈ ٹرم الیکشن کا بھی نہیں ہوگا مڈ ٹرم اس وقت ہوتا ہے جب الیکشن ٹھیک ہوں یہ تو سارا الیکشن ہی جعلی مینڈیٹ پر مبنی ہے اس دھاندلی زدہ الیکشن پر مڈ ٹرم نہیں ری الیکشن کی بات کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ وسیم عباس قادری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ ایک جمہوری نہیں فاشسٹ جماعت ہے جو آمر کی نرسری میں پلی ہے ،یہ ثابت کریں گے کہ ان کی جمہوریت صرف اپوزیشن میں نظر آتی ہے ،اسی ن لیگ نے زرداری حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا،نواز شریف عدلیہ کے معاملے پر باہر نکلے تھے
۔ اس وقت انہوں نے کہا احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے قرار دیا تھا ، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آزادی مارچ کی راہ میں رکاوٹ کھڑی نہ کرے، انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو استعفیٰ چیئرمین کے پاس جمع کرانے کا بھی کہہ دیا، آپشن صحیح وقت پر استعمال کیا جائے گا۔مارچ ہر صورت میں ہوگا، کارکن رکاوٹیں توڑ کر اسلام آباد پہنچیں گے۔