اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قوم کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے کیلئے ختم نبوت کا استعمال کیا جارہا ہے اور دھرنے والے بین الاقوامی سازش کا شکار ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ختم نبوت کا قانون پہلے زیادہ مضبوط ہوچکا ہے اور ہم سب ختم نبوت کے محافظ ہیں جب کہ دھرنے والے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، دھرنے والے فوری جگہ کو کلیئرکریں جب کہ ہم نے عدالتی احکامات کی روشنی میں آپریشن شروع کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں کے پاس بھاری اسلحہ موجود ہے، دھرنے والے اتنے سادہ نہیں، قوم کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے کیلئے ختم نبوت کا استعمال کیا جارہا ہے جب کہ ہم نے ہرممکن پرامن کوشش کی لیکن دھرنے والے ہٹ دھرمی پر تھے اور دھرنےوالے بین الاقوامی سازش کا شکارہیں۔