اسلام آباد (جیوڈیسک) عدالت نے 2014 میں دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سمیت 27 ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئے ہیں۔
ڈی چوک اسلام آباد کے جوڈیشنل میجسٹریٹ وقاص رشید کی عدالت میں 2014 میں تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران ہنگامہ آرائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران ڈی جے بٹ سمیت دونوں جماعتوں کے درجنوں نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم عمران خان اور طاہر القادری وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے کے باوجود پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے مقدمے کا چالان 15 دن میں پیش کرنے کا حکم دیتے ڈی جے بٹ پر فرد جرم عائد کردی جب کہ عمران خان، طاہر القادری، اسد عمر اور خرم نواز گنڈا پور سمیت دونوں جماعتوں کے 27 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں ان ملزمان کے خلاف قانون کی خلاف ورزی اور ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔