مظاہرین اور صحافیوں پر تشدد افسوسناک ہے ‘ انجینئر عظیم رندھاوا

Torture on Journalists

Torture on Journalists

فیصل آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا نے اسلام آباد میں مظاہرین اور صحافیوں پر تشدد کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں فریقین امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے امن فارمولے پر عمل درآمد کرتے تو ایسے گھمبیر حالات پیدا نہ ہوتے اور اسلام آباد میدان جنگ نہ بنتا۔

مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہوا کرتے ہیں۔ حکومت صحافیوں پر تشدد کرنے والوں کی تحقیقات کر کے انہیں قرار واقعی سزا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی شوریٰ اور زونل امراء کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے مطالبات کو منوایا جاتا ہے۔ عمران خان اور طاہر القادری کو ریڈ لائن کو کراس نہیں کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ فریقین ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کریں۔