اسلام آباد (جیوڈیسک) مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوششیں جاری ہیں ،مظاہرین کیبنٹ بلاک کے قریب موجود ہیں اور وقفے وقفے سے آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
مشتعل مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ ، جواب میں پولیس کی جانب سے شیلنگ کی جارہی ہے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس کا جنگلہ توڑ دیا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں گھس کر بیٹھ گئے تاہم رینجرز اور فوج نے مظاہرین کو اندر داخل ہونے سے روک دیا۔
مظاہرین کیبنٹ بلاک کے اندر بھی پہنچ گئے ہیں۔ ڈنڈوں اورغلیل سے لیس مظاہرین کی وزیراعظم ہاؤس میں بھی گھسنےکی کوشش کی۔ ادھر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے شرکا پر آنسوگیس کی شیلنگ اور جھڑپوں میں پولیس اہلکاروں سمیت سیکڑوں افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،پولیس کے ترجمان کے مطابق ابھی تک کوئی بھی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ زخمیوں میں 37 سیکیورٹی اہل کارشامل ہیں جن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ مظاہرین نے مختلف مقامات پر آگ بھی لگائی اور اسلام آباد کے دفتر پر پتھراؤ کر کے اسے بھی نقصان پہنچایا ہے۔