لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت عوامی خدمت کے مثالی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں ۔ 18
کروڑ عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر ہر صورت پورا اتریں گے اور عوام کی توقعات کو پوراکریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کرنیوالوں میں شیخ روحیل اصغر، محمد خان ڈاہا، عاشق گوپانگ، مناظر حسین رانجھا اور محمد وحید گل شامل تھے ۔حاجی عرفان احمد خان ڈاہا’منشاء اﷲبٹ اور افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قومی وسائل عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر خرچ کیے جارہے ہیں ،حکومت عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے جبکہ احتجاج کرنے والے بعض عناصر تخریبی اورانتشار کی بے مقصد سیاست کررہے ہیں۔
احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دیکھ کر گھبراگئے ہیں اور توانائی کے حصول کے منصوبوں پرہمارے تیزرفتار اقدامات اورمخلصانہ کوششوں سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا آئندہ چند روز میں پنجاب میں تین میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لیے اٹھ رہا ہے ،ہمارے بدترین مخالف بھی وفاقی اور پنجاب حکومت پرایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے ،18 کروڑ عوام جانتے ہیں، بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں کو ہر صورت اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی۔