احتجاج دھرنوں اور جلسوں سے قوم کی تقدیر نہیں سنواری جا سکتی، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انقلاب اور تبدیلی کی بات کرنے والی سیاسی جماعتوں کی سرمائے کے سہارے چلنے والی سیاسی مہم کی عوامی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام روایتی سیاستدانوں استحصالی نظام ظلم و جبر کرپشن اور اس انتظامی ڈھانچے سے بیزار ہوچکے ہیں۔

جو ملک و قوم کی فلاح و ترقی کے اسباب پیدا کرنے کی بجائے استحصال و ظلم کا باعث بنا ہوا ہے اور اس نظام کی وجہ سے چند مقتدر خاندان و افراد اپنی نسلوں کے سنہرے مستقبل کیلئے پوری قوم کے مقدر میں سیاہی تاریکی اور اندھیرے لکھ رہے ہیں مگر عوام اس بات کو ضرور مد نظر رکھیں کہ انقلاب کا خواب اور تبدیلی کا سراب دکھانے والوں کے پاس بھی روایتی سیاستدانوں کی طرح صرف نعروں اور وعدوں کے سوا کوئی واضح پروگرام اور قابل عمل فارمولہ نہیں ہے۔

جس کے ذریعے وہ ملک و قوم پر روایتی سیاستدانوں کے مسلط کردہ اندھیروں کو دور کرسکیں ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے تحریک انصاف کو کراچی میںکامیاب و پر امن احتجاج پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محض احتجاج دھرنوں اور جلسوں سے قوم کی تقدیر نہیں سنواری جاسکتی۔

ملک و قوم کی تقدیر سنوارنے اور پاکستان سے اندھیروں واستحصال کو دور کرنے کیلئے عمران خان طاہرالقادری اورپرویز مشرف سمیت تمام سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے پیش کردہ مقامی خود مختاری کے فارمولے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کو اعتماد میں لینا اورہمارے ساتھ چلنا ہوگا کیونکہ ہمارے پیش کردہ فارمولے اور سیاسی منشور پر عملدرآمد ہی سے پاکستان میں انقلاب ترقی خوشحالی اور استحکام یقینی ہے۔