لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قومی رہنما، کوارڈئینیٹر وزیراعلیٰ پنجاب رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں طبی سہولتوں کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاہنہ نو میں ساٹھ بیڈکے ہسپتال کے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔کڑروروں روپے کی لاگت سے بننے والے اس ہسپتال میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میںملکی ترقی کی وجہ سے ملکی سالمیت کے مخالفین اور اپوزیشن کی راتوں کی نیند ختم ہوچکی ، وہ جانتے ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں بھی ان کا کوئی کردار نظر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ان پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے،اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بند کرانے اور کشمیر کو استصواب رائے کا حق دلایا جائے۔