صوبے اپنی ضرورت کی پولیو ویکسین خود خریدیں: وفاقی حکومت

Polio, Vaccination

Polio, Vaccination

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے سفری پابندی کے بعد ملک میں پولیو سرٹیفکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب میں محکمہ صحت کو توقع ہے کہ پولیو ویکسین کی جلد اور فوری خرید کے لیے قوانین میں نرمی کی جائے گی۔

جبکہ مسلح افواج نے ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے حکومت سے بڑی مقدار میں پولیو ویکسین کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کی قائمہ کمیٹی کے گزشتہ روز بدھ کو ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ سے کہا گیا کہ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قوانین میں پولیو ویکسین (او پی وی) کی فوری خرید کے لیے چھوٹ دی جائے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب کے محکمہ صحت کے پاس اس وقت صرف چار لاکھ او پی وی ویکسین موجود ہیں جبکہ صوبے کی ضرورت بیس لاکھ کے قریب ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے تین کروڑ روپے کی رقم درکار ہوگی۔

اس اجلاس میں موجود ایک سینیئر اہلکار کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملنے والی ہدایات کے بعد لیا گیا، جس نے صوبائی انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے وسائل استعمال کرے۔

نیشنل ہیلتھ سروس کی وزارت نے تمام صوبوں کے چیف سیکٹریریز کو ایک خط میں کہا ہے کہ ’اٹھارویں ترمیم کی روشنی میں تمام یہ تمام معاملات صوبوں میں منتقل کردیے گئے تھے، اب صوبائی محکمۂ صحت کا یہ کام ہے کہ وہ اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کی یقین دہانی کروائے۔’