پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے میں شرح خواندگی کو خاطر خواہ حد تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔ پشاور سے جاری بیان میں وزیراعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت نے پہلے ہی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کر رکھا ہے۔
شرح خواندگی کے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے مجوزہ تعلیمی پالیسی کے تحت ٹھوس، موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ہو سکے اور معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان تفاوت پر قابو پایا جا سکے۔