صوبوں کو آٹا یا گندم کی ترسیل کو سمگلنگ کا نام دینا ناانصافی ہے: بلال یاسین

لاہور: صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ پورا سال صوبہ بھر میں گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود رہاہے اور ابھی بھی کثیر تعداد میں دستیاب ہےـیہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر ہفتہ میں تین دن سستے بازاروں میں ایکس مل ریٹ پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہےـ انہوں نے بتایا کہ سستے بازاروں میں بھجوائے جانے والے آٹے کے تھیلوں میں سے کافی مقدار میں آٹے کے تھیلے بلا فروخت واپس آجاتے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گندم اور آٹا پنجاب میں وافر مقدار میں دستیاب ہےـانہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں کو گندم یا آٹے کی ترسیل پابندی عوام کے مفاد میں عائد نہیں کی جاتی لہذا دوسرے صوبوں کو آٹا یا گندم کی ترسیل کو سمگلنگ کا نام دینا ناانصافی ہے ـ انہوں نے کہا کہ 2014 میں خریداری شفاف انداز میں کی جارہی ہے اور کاشتکاروں کا مفاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔