اسلام آباد (جیوڈیسک) صوبوں کے ذمہ بجلی کے واجبات، صوبوں کو وفاق کی جانب سے دی جانے والی رقم سے ہی کاٹ لیے جائیں گے، اس بات کا فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے کچی کینال منصوبے کی تحقیقات میں تاخیر پروزارت پانی وبجلی سے ناراضگی کا اظہار کیا جس کے بعد کچی کینال کرپشن کیس کی انٹرنیشنل آڈیٹرز کے ذریعے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبوں کے ذمے بجلی کی رقم صوبوں کودی جانیوالی رقم سے کاٹنے کا فیصلہ جبکہ کونسل نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میکانزم کے تحت واجبات کی وصولی کیلئے ایٹ سورس کٹوتی ہو گی۔ اجلاس میں ضابطہ فوجداری 1898 میں ایگزیکٹو مجسٹریسی کی بحالی کی منظوری بھی دی گئی۔