اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ خوراک صوبہ سندھ نے کہا ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں آٹے کی قیمت کم ہے جبکہ ملکی تاریخ میں صوبہ سندھ گندم برآمد کرنے کی پوزیشن پر پہنچا ہے۔
صوبائی حکومت کسانوں کو 4 ارب 70 کروڑ روپے کی رعایت دے رہی ہے۔ اتوار کو جاری ایک بیان میں صوبہ سندھ کے محکمہ خوراک نے کہا کہ ملک بھر میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ کے اندر آٹے کی قیمت اب کم ہے جو صوبائی حکومت کی بہتر پالیسی و مینجمنٹ کا نتیجہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی تاریخ میں صوبہ سندھ پہلی مرتبہ گندم بر آمد کرنے کی پوزیشن پر پہنچا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ حکومت کسانوں کو ہر سال 4 ارب 70 کروڑ روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ محکمہ خوراک سندھ 33 کروڑ روپے کی کرپشن کرنے والے افسران سے کرپشن کی رقم وصول کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔