خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف اور اپوزیشن اراکین میں تلخ جملوں کا تبادلہ اور ہاتھا پائی

KPK

KPK

پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جب کہ ایوان میں غیرپارلیمانی زبان کا بھی استعمال کیا گیا۔

اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایجنڈے کی کارروائی میں بجٹ پر بحث شامل تھی اس موقع پرتحریک انصاف کے ناراض رکن جمشید خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ تحریک انصاف کا منشور نہیں، عمران خان کی صفوں میں میرصادق اور میر جعفر جیسے لوگ موجود ہیں جس پر پی ٹی آئی ارکان نے اپنے ہی ناراض رکن کی بات پر احتجاج شروع کردیا جس کے بعد اسپیکر نے جمشید خان کے الفاظ اسمبلی کارروائی سے حذف کرادیئے۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان آپس میں ہی الجھ رہے تھے کہ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد صوبائی وزیرشہرام ترکئی اور اپوزیشن رکن بابر سلیم کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی، اسمبلی میں ہنگامے کے دوران تمام ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے جب کہ اس موقع پر شہرام ترکئی اور بابر سلیم کے درمیان غیرپارلیمانی زبان کا بھی استعمال ہوا، ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کردیا۔