پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ بیورو کریٹس نے تیار کیا، اس میں عوامی نمائندوں کی رائے شامل نہیں ہے۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں 31 ارب روپے براہ راست جبکہ 89 ارب روپے کے ٹیکسز با الواسطہ لگائے گئے۔ اس وقت پنجاب چار کھرب 49 ارب روپے کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ کا صرف اڑھائی فیصد پرائمری تعلیم کیلئے مختص کیا گیا جبکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔
اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ وزیراعلی سیکریٹریٹ کے روزانہ اخراجات ساڑھے گیارہ لاکھ روپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں مون سون کی پہلی بارش نے پورے شہر میں نظام زندگی کو مفلوج کر دیا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو پارک عوامی ٹرانسپورٹ کیلئے نہر کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک بچھایا جائے۔