اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے صوبائی الیکشنر کمشنر کے استعفوں کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اراکین اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔
تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت 13 سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جب کہ جماعت اسلامی اور اے این پی نے پی پی اور پی ٹی آئی کے فیصلوں کی حمایت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے صوبائی الیکشن کمشنرز کے مستعفی ہونے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ممبران اپنی آئینی مدت پوری کریں گے، اگر صوبائی الیکشن کمشنرز سے اس طرح استعفیٰ مانگا گیا تو پھر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل ہو جائے گا۔
اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتظامیہ سے لئے گئے انتخابی عملے پر شدید اعتراض کیا جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عدلیہ سے آر اوز اور ڈی آر اوز لینے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوئے۔