اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگی رہنماء دانیال عزیز کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف ریفرنس تیار ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے چیلنج کیا کہ پی ٹی آئی کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت ہے تو نوٹس بھیجیں اور نیب میں جائیں۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غلط بیانی کا زمانہ ختم ہو گیا ہے۔
عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر ایک ارب پانچ کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔ عمران خان چودہ دن کے اندر نوٹس کا جواب دیں یا معافی مانگیں۔
انہوں نے اس موقع پر عمران خان کو بھیجے جانے والے نوٹسز کی ڈاک رسیدیں بھی میڈیا کو دکھائیں۔ مسلم لیگی رہنماء دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ بجلی کی قلت کو خیبرپختو نخوا میں منصوبے لگا کر پورا کیا جا سکتا تھا لیکن خیبر پختونخوا حکومت نے بجلی پر پیسہ لگانے کی بجائے سٹاک مارکیٹ میں استعمال کئے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے سٹہ کھیلا۔
آڈٹ رپورٹ میں موجود ہے کہ ہائیڈل منصوبے کے لئے نکلوائے گئے 538 ملین خرچ نہیں ہوئے۔ 17 ستمبر کو خیبر پختونخوا حکومت نے ویب سائٹ پر انویسٹمنٹ کے پیج کو تبدیل کر دیا۔
عمران خان نے سٹہ کھیلنے کے معاملے کو چُھپایا اور نندی پور معاملے کو اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ سلیفی گروپ کی اصل شکل دکھائیں گے۔ تحریک انصاف کے بارے میں مزید حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔