صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی کی مبینہ پشت پناہی سے ہونے والا ہماری زمین پر قبضہ تو ہم نے روک لیا

چکوال : صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی کی مبینہ پشت پناہی سے ہونے والا ہماری زمین پر قبضہ تو ہم نے روک لیا لیکن اگر حکومتی ارکان اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئے تو تحریک انصاف ان کے خلاف مضبوط اپوزیشن کا رول ادا کرے گی ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف چکوال کے رہنما پیر شوکت حسین کرولی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک تنویر اسلم کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ وہ صر ف مسلم لیگ ن کے نہیں بلکہ پنجاب کی ساری عوام کے وزیر ہیں اور حلقہ پی۔پی اکیس میں بسنے والے ہر شخص کے ایم۔پی۔ اے ہیں قبضہ گروپوں اور جرئم پیشہ عناصر کی پشت پناہی انہیں زیبا نہیں دیتی اور اگر یہ انتقامی کاروائیاں جاری رہیں تو ہمارا احتجاج چکوال بھون چوک سے شروع ہو گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب ہاؤس سے ہوتا ہوا ایوان صدر تک زیادتیوں کے ازالہ تک جاری رہے گا انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں میڈیا کے زریعہ سے باور کروانا چاہتا ہوںکہ اگر ہماری زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کلیم، سلیم، ناصر اور ان کے معاون اے۔ ایس،آئی فاروق کے خلاف کاروائی نہ کی گئی۔

تو احتجاج کا آغاز کر دیا جائے گاجو کسی عملی کام کے بغیر اختتام پذیر نہ ہوگا اس موقع پر ان کے ہمراہ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز،ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ اور علی ناصر بھٹی بھی موجود تھے جنہوں نے پیر شوکت حسین کا مکمل ساتھ دینے کا اعلا ن کیا۔