صوبائی وزیر زراعت کا بینکاک میں فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن کے ساؤتھ ایشئین سنٹر کا دورہ، زرعی ماہرین سے ملاقات
Posted on September 25, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور : انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن نے پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے پنجاب حکومت سے تعاون پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ادارے کے ڈائریکٹر نے اس خیال کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید سے بینکاک میں ملاقات میں کیا۔
صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید ان دنوں سرکاری دورے پر تھائی لینڈ میں ہیں جہاں انہوں نے فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن کے ساؤتھ ایشئین ریجنل آفس کا دورہ کیا ـوزیر زراعت نے زرعی ماہرین سے تفصیلی ملاقات کی اور پنجاب میں زرعی پیداوار میں اضافے بارے ماہرین کی رائے لی۔
فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر اور ماہرین کی ٹیم نے پاکستان کے دورے کی خواہش بھی ظاہر کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ زرعی تحقیق میں پاکستان کی مدد کریں گے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاکہ انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن کے تعاون سے نہ صرف پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ بھرپور زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔