MISTER SPORTS OPENING WORK SHAH FAISAL SPORTS COMPLEX
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے شاہ فیصل کالونی میں اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے سنگ بنیاد کے حوالے سے منعقدہ تقریب گلدستہ کی شکل اختیار کرگئی۔
تقریب میں پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم ،ایے این پی ،تحریک انصاف ،مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتوں کے نمائندوں اور کارکنان کے علاوہ عوام خصوصاً اسپورٹس حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے علاقہ ایم پی اے نشاط محمد ضیاء قادری، چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان کے ہمراہ ٹائلز لگا کر اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہاکہ آج کا دن شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں کے لئے ایک یادگار دن آج اس اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ کر مجھے بے انتہاء خوشی ہورہی ہے کہ میں اُس علاقے میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز کررہا ہوں جہاں اسپورٹس لوور کی کثیر تعداد بستی ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہاکہ شاہ فیصل اسپورٹس کمپلیکس کو شہر کراچی معیاری کھیلوں کا مرکز بنا یا جائیگا اس اسپورٹس کمپلیکس میں پہلے فیز میں شوٹنگ بال کورٹ اور فٹ بال و کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائیگا جس پر تعمیراتی کاموں کا آج سے آغاز ہورہا ہے جبکہ دوسرے فیز اگلے مالی سال میں اس اسپورٹس کمپلیکس کی بانڈر ی وال اور جمنازیم تعمیر کیا جائیگا۔
صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہاکہ شاہ فیصل اسپورٹس کمپلیکس کو کھیلوں کی تمام سرگرمیوں سے آراستہ بنا یا جائیگا انہوں نے نوجوانوں خصوصاً علاقہ عوام سے درخواست کی کہ وہ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے بعد اس کی حفاظت کو یقینی بنا ئیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ شہر میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ایک احسن قدم ہے اس حوالے سے صوبائی ویز کھیل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے حوالے سے سیاست سے بالاتر ہوکر ہر فرد کے ساتھ ہمارا تعاون جاری رہیگا چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کو ضلع کورنگی میں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی اور صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے متعدد منصوبوں سے آگاہ کیا جسے وزیر کھیل نے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان اور اُسامہ اسپورٹس کے چیئر مین حاجی الیاس اعوان نے اسپورٹس حلقوں خصوصاً شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے شاہ فیصل اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو فنڈز کے اجراء اور وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کو کاوشوں پر اظہار تشکر کیا اس موقع پر چیف انجینئر اسلم مہر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔