اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن پنجاب اور سندھ حکومتوں کی جانب سے باضابطہ طور پر صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تحریری استدعا کے بغیر شیڈول جاری نہیں کر سکے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات 20 ستمبر تک کرانے کے حکمنامے کے مطابق دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 28 جولائی تک جاری کیا جانا ہے لیکن تاحال دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق تحریری طور پر استدعا نہیں کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں کے لوکل گورنمٹ ایکٹس کے تحت یہ امر لازمی ہے کہ اس کے لیے پہلے صوبائی حکومت کی جانب سے الیکیشن کمیشن کو باضابطہ طور ایک تحریری خط لکھا جائے گا جس میں استدعا کی جائے گی کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حالات ساز گار ہیں۔
لہذا الیکشن کمیشن انتخابات کرائے لیکن الیکشن کمیشن کوابھی تک صوبائی حکومتون کی جانب سے وہ خطوط موصول نہیں ہوئے ہے بغیرتحریری استدعا کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول پر سوالیہ نشان لگ سکتے ہیں۔