قصور (محمد عمران سلفی سے) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) جہانزیب خان نے گزشتہ روز ضلع قصور کا اچانک دورہ کیا ‘رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال اور گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز کنگن پور میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی ایف او چھانگا مانگا قصور چوہدری حیات حسن ، ایس ڈی او چھانگا مانگا عمران ستار ، ایس ڈی او قصور محمد خلیل ،محکمہ ہیلتھ اور ایجو کیشن کے افسران بھی تھے۔
صوبائی سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) جہانزیب خان نے رورل ہیلتھ سنٹر کنگن پور اور گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز کنگن پور کا اچانک دورہ کیا انہوں نے ہسپتال دورہ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات اور شہریوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مریضوں سے انکے مسائل اور ہسپتال میں مہیا کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو چیک کرنے کیلئے گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز کنگن پور کا دورہ کیا اور وہاں پر انہوں نے صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کو تفصیل کیساتھ چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) جہانزیب خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میدیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیساتھ ساتھ انکا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ سرکاری تعلیمی اداروں کیساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکولوں اور کالجوں کی مزید سیکورٹی کیلئے ایس او پی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔بعدازاں صوبائی سیکرٹری جنگلات نے چھانگا مانگا فاریسٹ پارک اور وائلڈ لائف پارک کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔