پشاور (جیوڈیسک) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر اور سی سی پی او کو حکم دیا ہے کہ اندرون اور بیرون شہر تمام غیر قانونی اڈے ختم کیے جائیں۔ پشاور کے ٹریفک مسائل کے حوالے سے رٹ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ جن پلازوں کی کار پارکنگ نہیں ان کو تین بار شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں۔
جس کے بعد پلازے سیل کر دیئے جائیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے مریض ٹریفک میں پھنس کر ہی دم توڑ دیتے ہیں، قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ٹرانسپورٹرز مضبوط مافیا بن گئے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ ٹریفک مسائل کی وجہ چیک پوائنٹس بھی ہیں۔