کراچی (جیوڈیسک) آل راؤنڈر عبدالرزاق کو پی ایس ایل میں شرکت کی اجازت نہ مل سکی، ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں شرکت کے بعد وہ وطن واپس آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق کو حکام کی بے رخی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے قبل از وقت دور کر دیا، وہ اب ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹوئنٹی 20 لیگز میں صلاحیتوں کا اظہارکررہے ہیں، ایم سی ایل سے معاہدے کے سبب پی ایس ایل میں لاہور قلندرز نے بطور سپلیمنٹری ان کی خدمات حاصل کیں، اس موقع پر یہ کہا گیا تھا کہ وہ لیگ کے بعد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
سابق کرکٹرز کے ایونٹ میں عبدالرزاق کی ٹیم کیپری کارن کمانڈرز سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی نہ کر سکی، ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر نے اپنی پی ایس ایل فرنچائز سے رابطہ کر کے اسکواڈ جوائن کرنے کی خواہش سے آگاہ کیا، مگر انھیں بتایا گیا کہ سپلیمنٹری کھلاڑی ہونے کے سبب وہ اب صرف اس صورت میں ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں جب کوئی ریگولر پلیئر انجرڈ ہو، اس پر وہ گذشتہ روز وطن واپس آ گئے، منتظمین کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر کی شرکت پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، وہ قوائد پر عمل کر کے ایونٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب مشکلات میں گھری ایم سی ایل نے بیشتر کھلاڑیوں کو معاوضوں کا60 سے 70 فیصد ادا کر دیا، تاخیر کے سبب گذشتہ دنوں کئی پلیئرزنے ایونٹ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس جانے کی دھمکی دی تھی جس پر ہنگامی اقدامات کیے گئے، قوانین کے تحت 2ہفتے کے دوران بقیہ رقم بھی ادا کر دی جائے گی۔