پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی تیاری کر لی گئی

PSL

PSL

کراچی (جیوڈیسک) پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی تیاری کر لی گئی، تجویز منظوری کیلیے3 مئی کو پی سی بی گورننگ باڈی میٹنگ میں پیش کی جائیگی، کرکٹرز پر مشتمل نئی کرکٹ کمیٹی بنانے و دیگر معاملات پر بھی اجلاس میں غور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ باڈی کا اجلاس 3 مئی کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے، اس موقع پر پی ایس ایل کی پوسٹ ایونٹ بریفنگ دیتے ہوئے اسے کمپنی بنانے کی تجویز بھی پیش ہوگی، منظوری ملنے پر دیگر تفصیلات طے کی جائینگی، پی ایس ایل کمپنی پی سی بی سے الگ ہوگی، اس میں نیا اسٹاف بھرتی کیا جائیگا، اسے اسٹاک ایکسچینج میں بھی رجسٹرڈ کرانے کا ارادہ ہے، گذشتہ دنوں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں پی ایس ایل کے بارے میں زبانی طور پر بتایا گیا تھا کہ یو اے ای میں انعقاد پر 9 ملین ڈالر خرچ اور دگنی آمدنی ہوئی ۔

البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں، ایونٹ سے منافع تو ہوا مگر وہ اتنا زیادہ نہیں ہے،جنرل باڈی میں پی سی بی کا بجٹ تو پیش ہوا مگر پی ایس ایل کا نہیں کیا گیا تھا، اب گورننگ باڈی میٹنگ میں اکاؤنٹس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ کرکٹرز پر مشتمل نئی کرکٹ کمیٹی پر بھی میٹنگ میں بات ہو گی، شہریارخان ارکان کو چیف سلیکٹر کی تقرری سمیت اپنے حالیہ اقدامات کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے، وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد قائم شدہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سے بھی ممبران کو آگاہ کریںگے۔