کراچی (جیوڈیسک) اداکارہ مہوش حیات نے کہاہے کہ آنے والے وقت میں پاکستانی فلمیں پوری دنیا میں اپنی شناخت بنائینگی، پاکستان سپر لیگ سے دنیا بھر میں ہمارا سافٹ امیج ابھر رہا ہے۔ فائنل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے بھی شو بز اور کرکٹ کا خوب رنگ جمے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں نوجوان فلم میکرز اور ہنر مند جس اندازسے محنت کر رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائے گی۔
گزشتہ برس عیدین اور یوم آزادی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلموں نے فنکاروں اور فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کی ہے میں نے بھی فلمی صنعت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے فلم میں اداکاری کی جس کو فلم بینوں نے سراہا کر میری حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ معیاری فلمیں بنا کر ہم غیر ملکی فلموں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس وقت چالیس سے زائد فلمیں بن رہی ہیں۔ میری فلم پنجاب نہیں جاؤں گی ایک بار پھر فلم بینوں کو متاثر کرے گی۔