پی ایس ایل کا فاتح کون؟ فیلڈ سے باہر جنگ چھڑ گئی

PSL

PSL

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل 5 کا فاتح کون ہو گا؟ اس حوالے سے فیلڈ سے باہر جنگ چھڑگئی ہے، ہرروز نت نئی تجاویز سامنے آ رہی ہیں، پی سی بی کے سی ای او وسیم خان 3 آپشنز زیرغور ہونے کا کہہ چکے، جس میں مقابلے نومبر میں کرانے، اگلے ایڈیشن سے ایک ہفتے قبل انعقاد یا پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو ہی ٹرافی دینا شامل ہیں۔

سابق کپتان راشد لطیف کی رائے میں کسی کو بھی چیمپئن قرار نہ دیا جائے بلکہ انعامی رقم ’’متاثرین کورونا وائرس‘‘ میں جمع کرا دیں۔ اب ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی طرح بولنگ کوچ اظہر محمود نے اپنی ٹیم کو ٹرافی دینے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی وجہ سے ہمیں چیمپئن قرار دینا چاہیے۔

پی سی بی نے مناسب وقت پر لیگکو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان میں شائقین کا جوش و خروش شاندار رہا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کے میدان بھی ویران ہو چکے ہیں، پی سی بی نے بھی پی ایس ایل کو سیمی فائنلز سے قبل ہی غیرمعینہ مدت تک روک دیا تھا، ہفتے کو صحافیوں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے مالی نقصان کا بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئن ٹیم کا فیصلہ کرنے کیلیے تین آپشنز زیرغور ہیں، ان میں نومبر میں بقیہ میچز کا انعقاد، اگلے ایڈیشن سے ایک ہفتے پہلے پلے آف میچز یا پھر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو ٹرافی دینا شامل ہیں۔

البتہ سابق کپتان راشد لطیف نے ایونٹ کو منسوخ قرار دیتے ہوئے انعامی رقم متاثرین کورونا وائرس کے فنڈ میں دینے کی تجویز دی تھی، اب اس بحث میں ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود بھی شامل ہو گئے، ویب سائٹ ’’پاک پیشن‘‘ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن کی وجہ سے ہم اپنی ٹیم کو چیمپئن قرار دلانے کے خواہاں ہیں، یہ کافی بدقسمتی کی بات ہے کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا، میں شاہد آفریدی کے اس آئیڈیے سے متفق ہوں کہ نمبر ون ملتان سلطانز کو فاتح قرار دینا چاہیے، ہماری ٹیم کے 14 پوائنٹس اور وہ باقی ٹیموں سے کافی آگے ہیں، جس طرح سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی ہوئے ان میں ٹاپ ٹیم ہی فاتح قرار پاتی ہے۔

اظہر محمود نے کہا کہ پی سی بی پر ایونٹ کو تاخیر سے ملتوی کرنے کا الزام درست نہیں، آغاز میں پاکستان میں کورونا وائرس کے چند ہی کیس سامنے آئے،اس لیے پی سی بی نے ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ بالکل درست وقت میں لیا، پہلے کراؤڈ کو روکا گیا اور پھر پنجاب اور سندھ حکومت کے مشورے پر ایونٹ ملتوی کیا گیا۔ سابق آل راؤنڈر ملتان میں شائقین کے جوش و خروش سے بھی بہت متاثر ہوئے، انھوں نے کہاکہ شائقین کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

اس سے قبل میں نے ایسا ماحول صرف آئی پی ایل میں دیکھا تھا جب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کا اعزاز پایا تھا۔ اظہر محمود نے کہا کہ جب پی ایس ایل 5 کیلیے ہمارا اسکواڈ تشکیل پایا تو زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ ہم ٹاپ پوزیشن حاصل نہیں کرپائیں گے،پچھلے ایڈیشن کی طرح ہی ہمارا اختتام ہوگا، مگرملتان سلطانز کے تمام کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا، خاص طور پر شاہد آفریدی نے اپنی کلاس ثابت کی، ٹیم کے انتخاب کیلیے ڈیٹا سے مدد حاصل کی گئی، بولنگ کوچ نے روحیل نذیر کے روشن مستقبل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے وہ صرف 2 میچز میں ہی موقع حاصل کرپائے، انھوں نے کوچ اینڈی فلاور کو بھی سراہا۔