کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان آج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ گزشتہ دو روز کی گراوٹ کے بعد آج بھی انڈیکس 861 پوائنٹس کی کمی کے بعد 50 ہزار 591 کی سطح پر بند ہوا۔ مجوعی طور پر دو روز کے دوران انڈیکس میں 2 ہزار 45 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں جاری سیاسی ہلچل اور نئے بجٹ میں ڈیوڈنٹ انکم پر ٹیکس کی شرح 12 اعشاریہ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے اور کیپیٹل گین ٹیکس کے سلیب سسٹم ختم کرنے کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز فروخت کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سپر ٹیکس آئندہ بجٹ میں بھی وصول کئے جانے کے سبب بینکوں کے منافع میں کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں بینکنگ سیکٹر دباؤ کا شکار رہا۔