پاس نہیں قریب رہو

Woman

Woman

تحریر: ممتاز ملک۔ پیرس

ایک ماہر نفسیات کا مضمون پڑھنے کا اتفاق ہوا ۔ جس میں ویت نام کی جنگ سے جان بچا کر امریکہ میں آباد ہونے والی خاتون کی کہانی تھی ۔ جس نے چون برس کی عمر میں تین جوان بچوں کے ہوتے، پیار کرنے والے شوہر اور گھر بار کے ہوتے ہوئے بھی خودکشی کر لی ۔ اس کے حالات اور اس کی آخری حرکات و سکنات اور اس کے بیان کو سن کر اس کا اپنا شوہر اور بچے حیرت کے سمندر میں غوطہ زن تھے اور انہیں معلوم ہوا کہ اصل میں تو وہ اپنی ماں کے اندر کے انسان سے کبھی ملے ہی نہیں۔ اس کا ایک کامیاب پتھالوجسٹ سے پناہ گزین بننے کا درد، اس نئے ملک میں انگریزی مکمل لب و لہجے میں نہ سیکھ پانے کی ناکامی کا شدید احساس، اپنے زمانے سے پیچے رہ جانے کا صدمہ اور پھر عراق پر حملے میں روز سامنے آتی اموات، لہو، چیخ و پکار، بچوں کی دلخراش چیخیں ، عورتوں کی بیچارگی و بیحرمتی غرض ہر جنگ میں اپنی ہی بیچارگی اور خوف اسے بار بار ہر روز مار ڈالتا۔۔۔درد کے اس بوجھ کو جسے بالآخر وہ اٹھا نہ سکی تو خوکشی کی صورت اتار پھینکا ۔ کیونکہ وہ سکون کی نیند سونا چاہتی تھی جو اتنے سالوں میں ان چیخوں کے ہنگام میں ،خوف کے سائے میں وہ کبھی سو نہ پائی ۔ وہ اتنی ذہنی اذیت میں تھی کہ اسے موت آسان لگی۔

اسکی زندگی سے یہ سبق ملتا ہے کہ جنگ ، دہشت، خوف سبھی انسانوں پر مختلف انداز میں اثرانداز ہوتا یے۔ اسی طرح پڑھے لکھے ذہین اور کامیاب لوگ جب جنگ کی بھٹی میں جھونکے جاتے ہیں تو ان کی مثال ان لکڑیوں کی سی ہوتی ہے جو سب سے ذیادہ چٹختی ہیں جن کے شعلے اڑ اڑ کر اپنے جلنے کی خبر دیتے ہیں ۔ وہ دوسروں کو اپنے غم اور صدمات سے بچانے کے لیئے اپنے ناکامیوں کے درد کو کبھی کھل کر بیان نہیں کرتے ۔ دنیا سمجھتی ہے کہ اولاد کا رشتہ ہی سب سے قریبی رشتہ ہوتا ہے جبکہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ ہی آپ کے احساسات اور جذبات سے سب سے بے خبر رشتہ ہوتا ہے ۔

بظاہر ہم اپنے ماں باپ کے ساتھ زندگی کے سب سے زیادہ سال گزارتے ہیں لیکن حقیقتا ہم ان کیساتھ زندگی کے سب سے کم گھنٹے گزارتے ہیں ۔ اس سے زیادہ وقت تو شاید ہم اپنے کسی پالتو جانور کیساتھ گزار لیتے ہیں ۔ والدین کی اندر کی خوبیاں، اس اولاد کے دنیا میں آنے کے پہلے کی زندگی، ہنر ، کمالات ، ذہانتیں یہ سب کتنی اولادیں ہیں جو جانتی ہیں ؟ کتنی اولادیں اپنے والدین کے پاس بیٹھ کر ان کے بچپن ، انکی جوانی اور کیرئیر کر قصے سننا اہم سمجھتے ہیں ؟ بلکہ اکثر وہ کچھ بتانا بھی چاہیں تو اولاد بڑی بے زاری سے انہیں نظرانداز کرتے پہلو بچاتے گزر جاتی ہے ۔

او نو بابا اور نو ماما آپ کو کیا پتہ یہ کیسے ہوتا ہے ؟
چھوڑ دیں ماما یہ آپ نہیں کر سکتیں ۔۔
آپ یہ نہیں سیکھ سکتیں ۔۔۔
کتنا فرق ہوتا یے نا اولاد اور والدین ے رویے میں، والدین نالائق سے نالائق بچے کو بھی ہمیشہ اس کی صلاحتیوں سے بڑھ کر بتاتے ہیں تم کر سکتے ہیں ۔۔
تم کر لو گے۔۔
تم ذہین ہو ،
تم حسین ہو،
تم سے زیادہ عقلمند اور کوئی نہیں ۔۔
کرو کرو شاباش تم کر لو گے ۔۔

یہ فرق ہے اولاد اور والدین کے اظہار خیال اور انداز خیال کا ۔۔۔۔ سو ساری دنیا کو دریافت کرنے سے پہلے اپنے گھر والوں کو، اپنے والدین کو، اپنے شوہر کو ،اپنی بیوی کو دریافت کیجیئے کیونکہ آپ کی زندگی میں ڈائناسور کی تخلیق کو نہ جاننا اتنا بڑا احساس محرومی یا گلٹ نہیں ہو سکتا جتنا بڑا ان رشتوں میں چھپے انسان کو دریافت نہ کر سکنے کا ہو گا ۔ اس لیئے خود کو نزدیک کے رشتے میں چھپے انسان سے متعارف کروائیے۔ یقین جانیئے یہ تجربہ آپ کی اپنی ذات کو بیزاری کے بہت سے اندھیروں سے نکال کر محبت کی روشنی میں کھڑا کر دیگا ۔ تاکہ کسی کو یہ نہ کہنا پڑے کہ

وہ میرے پاس تھے لیکن میرے قریب نہ تھے

میرے رفیق بہت تھے مگر حبیب نہ تھے

Mumtaz Malik

Mumtaz Malik

تحریر: ممتاز ملک۔ پیرس