پی ٹی سی ایل کی جانب سے سال 2014 کے لیے مالی نتائج کا اعلان

PTCL

PTCL

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں آئی سی ٹی سروسز فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے سال 2014 کے لیے مالی نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ بڑھتے ہوئے فکسڈ اور وائرلیس براڈ بینڈ بزنس کا نتیجہ ہے۔سال 2014 میں مجموعی محصولات 81.5 ارب روپے رہے جس میں براڈبینڈ کی مد میں 34%کا خاطرخواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصہ میں کمپنی کی شرح منافع مثبت رہی باوجود یہ کہ اسی دورانیہ میں کثیرالا خراجاتی مگر کامیاب رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کا اختتام ہوا اور آگ اور سیلاب کی مد میں نقصانات بھی اٹھانا پڑے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے سالانہ محصولات 129.9 ارب رہے۔ 31 دسمبر 2014 کو اختتام پزیر ہونے والے سال کے لیے مالی نتائج کا اعلان 10 فروری 2015 کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی سی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ مظبوط مارکیٹ پوزیشن اور سبسکرائبرز کی تعداد میں اضافے کے باعث پی ٹی سی ایل کی مالیاتی حالت مثبت اور مستحکم رہی۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 25% کے حتمی کیش ڈیویڈنڈ بشمول 10% کے عبوری ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے پریذیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ولید ارشید نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ سال کے عرصے میں پی ٹی سی ایل کی آمدنی میں اضافہ ہماری فعال کارپوریٹ حکمت عملی، صارفین کے اطمینان اور شیئر ہولڈرز کے اعتماد کی علامت ہے۔ ہماری براڈ بینڈ اور کارپوریٹ سروسز کی 2014 میں بہترین کارکردگی رہی ہے۔ پی ٹی سی ایل ٹیلی کام سیکٹرکی ایک روشن مستقبل کی جانب رہنمائی کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔

ولید ارشید نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن وائرلیس براڈ بینڈبھی متعارف کروایا گیا ہے۔ 2014 میں فکسڈاوروائر لیس براڈ بینڈ اورا سپیشلائزڈ ٹیلی کام سلوشنز کی مد میں کمپنی کے مارکیٹ شیئر میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔