کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ اور انجنیئرز ٹاؤن نے انفارمیشن کمیونکیشن ٹیکنالوجی سروسز اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت انجنیئرز ٹاؤن کے رہائشی پی ٹی سی ایل کی وائس ٹیلیفونی، براڈبینڈ انٹرنیٹ اور اسمارٹ ٹی وی سمیت پاکستان کی تیز ترین اور انتہائی قابل اعتماد ایوو وائرلیس براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ معاہدے پر پی ٹی سی ایل کے چیف بزنس آپریشنز آفیسر محمد نصر اللہ اور انجنیئرز ٹاؤن کے صدر رانا اجمل نے دستخط کیے۔
اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے بزنس زون سینٹرل کے ایگزیکٹو نائب صدر نعیم شہباز الحق سمیت دیگر اعلی عہدیداران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف بزنس آپریشنز آفیسر محمد نصر اللہ نے کہا کہ ہمیں جدید ترین ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیے انجنیئرز ٹاؤن کے ساتھ تعاون کرنے پر خوشی ہے۔
پی ٹی سی ایل ملکی ترقی کے لیے عالمی سطح کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ رانا اجمل نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے والے سب سے بڑے اور صفِ اوّل کے ادارے پی ٹی سی ایل کے ساتھ اشتراک پر انجنیئرز ٹاؤن کو فخر ہے۔ انجنیئرز ٹاؤن لاہور میں تقریباً 5000 رہائشی پلاٹس اور تجارتی علاقے شامل ہے۔